اسلام آباد
قومی اسمبلی کے اجلاس میں آج ججوں کی تعداد بڑھانے کا بل پیش کیا جائے گا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومتی ایم این اے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ اور 2024 کا آرڈیننس آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت آئینی بینچوں کی تشکیل کا معاملہ اور آرٹیکل 184 تھری کا اختیار بھی دیکھنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ججوں کی تعداد بڑھانے کا بل پرائیوٹ ممبر عبدالقادر کا تھا، آج پیر کے روز ججوں کی تعداد بڑھانے کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
عقیل ملک نے کہا کہ سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد بڑھانے کیلئے دو تہائی اکثریت کی ضرورت نہیں، یہ معاملہ سادہ اکثریت سے طے ہونا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت اپنے جج لانا چاہتی ہے۔