بنوں: مسلح حملہ آوروں کے تھانے اور پولیس چوکی پر حملے، ایک اہلکار زخمی


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم مسلح حملہ افراد کے ایک تھانے اور پولیس چوکی پر الگ الگ حملوں میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، مسلح حملہ آوروں نے رات گئے احمد زئی پولیس اسٹیشن اور مزنگہ پولیس چوکی پر حملہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے پہلے احمد زئی پولیس اسٹیشن پرحملہ کیا۔
پولیس کے مطابق، پولیس کی بروقت جوابی کارروائی سے حملہ آور پسپا ہوگئے تاہم ملزمان کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا جسےاسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشش کی گئی تاہم وہ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دوسرا واقعہ بنوں مزنگہ پولیس چوکی پر پیش آیا جہاں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے چوکی پر لگے تھرمل کیمرے کو نقصان پہنچا، تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔