پاکستان

سعودی ولی عہد نے آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان سے لاکھوں افراد مانگے ہیں، وزیراعظم


سعودیہ میں آئندہ برسوں اس سے بھی افرادی قوت درکار ہوگی، قطر بھی یہاں آئی ٹی پارک بنانے جارہا ہے، کابینہ سے خطاب
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودیہ اور قطر پر کابینہ کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ سعودی کراؤن پرنس محمد بن سلمان نے پاکستان سے آئی ٹی کے شعبے کے لیے مزید افرادی قوت مانگی ہے جبکہ قطر پاکستان میں آئی ٹی پارک قائم کرنے جارہا ہے۔
یہ بات انہوں نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سعودی حکومت سے وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے پھر ولی عہد محمد بن سلمان سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں محمد بن سلمان نے ایک بار پھر پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دوستانہ گفتگو کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ محمد بن سلمان نے اپنی سرمایہ کاری ٹیم بھیجی ہے جن سے تفصیلی میٹنگ ہوئی جس میں سولر، مائنز اینڈ منرل، ایگری کلچر اور دوسرے باہمی امور کے مفادات پر بات چیت ہوئی پھر پریس کانفرنس بھی ہوئی، اب ایک سے دو دن میں ہمارا ایک وفد سعودی عرب روانہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودیہ کے بعد قطر میں دورہ ہوا جو کہ سعودیہ کی طرح مفید ثابت ہوا، امیر قطر سے بھی وفود کی سطح پر اور ون آن ون ملاقاتیں ہوئیں، طے ہوا کہ ماضی میں جو قطر نے تین ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی اس پر تیزی سے عمل کیا جائے گا، نتیجے میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی ایک ٹیم اپنے چیئرمین کی قیادت میں رواں ماہ پاکستان آئے گی جو کہ مائنز اینڈ منرل، آئی ٹی کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے آئی ٹی کے حوالے سے واضح کہا تھا کہ اس شعبے میں بہت گنجائش موجود ہے پاکستانی حکومت لیبر بھیجے ہمیں اس شعبے میں لاکھوں افراد کی ضرورت ہے اور آئندہ برسوں میں اس سے کہیں زیادہ افرادی قوت کی ضرورت پڑے گی اسی طرح امیر قطر نے بھی یہی بات کی اور انہوں نے پاکستان میں ایک آئی ٹی پارک قائم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں