پاک بحریہ کا بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ، صدر، وزیر اعظم کی مبارکباد
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک بحریہ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک نیوی کی جانب سے منگل کو جاری اعلامیے کے مطابق 350 کلومیٹر دور تک مار کرنے والا ہتھیاروں کا نظام انتہائی درستگی کے ساتھ زمینی اور سمندری اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ میزائل سسٹم جدید ترین نیویگیشن سسٹم اور مینووریبلٹی فیچرز سے لیس ہے۔ اس میزائل تجربے کا مشاہدہ چیف آف دی نیول اسٹاف، پاک بحریہ کے سینیئر افسران، سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے اس کامیابی پر شرکت کرنے والے نیول یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
2023 میں پاک بحریہ کے زمینی فضائی دفاعی یونٹس نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے کامیاب تجربے کے ذریعے جنگی تیاریوں اور جنگی صلاحیت کا زبردست مظاہرہ کیا ہے۔
میزائل فائرنگ کے سلسلے کے دوران پاک بحریہ کے ایئر ڈیفنس یونٹس نے مطلوبہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور حقیقی وقت کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ مختصر فاصلے تک مار کرنے والے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے داغے جانے والے میزائل نے آنے والے کسی بھی فضائی خطرے کے خلاف بحریہ کے دفاع کو یقینی بنایا۔