عالمی دنیا

امریکی صدارتی انتخابات کون جیتے گا؟، تھائی لینڈ میں بے بی ہیپو نے پیش گوئی کر دی!


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تھائی لینڈ میں ایک بے بی ہیپو مو ڈینگ نے تربوز کا انتخاب کر کے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی 2024 کے صدارتی انتخابات میں جیت کی ‘پیش گوئی’ کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر تھائی لینڈ میں ایک بے بی ہپو مو ڈینگ کی تصویر اور ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس نے تربوز کا انتخاب کرکے ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کی پیش گوئی کر دی ہے، جس کے بعد ہزاروں افراد ’کھاؤ کھیاؤ ‘ اوپن چڑیا گھر پہنچ گئے ہیں۔
تھائی لینڈ کے وائرل ہیپو مو ڈینگ نے 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ایک تربوز کا انتخاب کیا ہے۔
یہ تقریب چونبری صوبے کے ’کھاؤ کھیاؤ‘ اوپن چڑیا گھر میں منعقد ہوئی، جہاں چڑیا گھر کے رکھوالوں نے 2 تربوز رکھے ، جن میں سے ایک پر کملا ہیرس اور دوسرے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام درج تھا۔ موڈینگ نے ڈونلڈ ٹرمپ والے تربوز کا انتخاب کیا جس نے اس وقت عالمی توجہ حاصل کی جب نیویارک پوسٹ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی۔اس ویڈیو سے سوشل میڈیا پر حیرت پھیل گئی۔
مو ڈینگ کی اس ویڈیو نے دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے۔ چڑیا گھر کے کیپر اتھاپون نونڈی کے مطابق مو ڈینگ کے متحرک رویے کے کلپس اکثر شیئر کیے جاتے ہیں، جس سے ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا ہے اور چڑیا گھر میں آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پہلے تعداد 800 سے بڑھ کر 4،000 تک پہنچ گئی جو بعد ازاں 10،000 سے تجاوز کر گئی ہے۔
اگرچہ مو ڈینگ کا تربوز کا انتخاب محض ایک دلچسپ پیش گوئی ہے ، لیکن اس نے چڑیا گھر کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے اور 2024 کے امریکی انتخابی عمل میں ایک ہلکی پھلکی دلچسپی کا اضافہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں