وینا ملک کے لیے بھارتی فلموں، شادی کی آفرز کی بھرمار


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کی معروف اداکارہ وینا ملک نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا ان باکس بالی ووڈ فلموں کی آفرز سے اٹا پڑا ہے جبکہ بھارت میں ویڈنگ رئیلٹی شو کے دوران خود ان کے لیے 70 ہزار رشتے آئے۔
ایک پوڈ کاسٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وینا ملک نے بتایا کہ آج بھی ان کا ان باکس بالی ووڈ فلموں کی آفرز سے بھرا ہوا ہے لیکن انہوں نے اپنی مرضی سے وہاں کام کرنا چھوڑا ہے۔
وینا ملک کافی عرصے سے شوبز سے کنارہ کش ہیں تاہم خبروں میں وہ اکثر رہتی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت میں ان کی فلموں کی شوٹنگ کے دوران انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے متعدد مسلح کارکنان موجود رہتے تھے۔
ایک جان اور 70 ہزار رشتے‘
وینا ملک کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے انہیں 70ہزار سے زیادہ افراد نے شادی کی پیشکش کی۔
کیرئیر کے آغاز کا ذکر کرتے ہوئے وینا نے بتایا کہ ’جس وقت میں نے اپنا کیرئیر شروع کیا وہ وقت میرے لیے رولر کوسٹر کی سواری جیسا تھا، میرے کیرئیر کے آغاز کے 10 سال بڑے مصروف گزرے، میں اتنی مصروف تھی کہ میرے پاس میک اپ اتارنے کا وقت بھی نہیں تھا، میری بڑی بہن میرا میک اپ اتارتی تھی اور مجھے اپنے ہاتھ سے کھانا کھلاتی تھی‘۔
انہوں نے کہا کہ انہیں بھارت میں ویڈنگ ریئلٹی شو کے دوران دنیا بھر سے شادی کی پیشکش موصول ہوئیں لیکن وہ ان کے حوالے سے زیادہ نہیں جانتیں کیوں کہ وہ ان کے واقف کار نہیں تھے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ دی گئی ان آفرز کی سنجیدگی کے حوالے سے کچھ یقین سے نہیں کہہ سکتیں۔
وینا ملک سنہ 2010 میں بھارت گئی تھیں جہاں وہ متعدد فلموں میں جلوہ افروز ہوئیں۔ بعد ازاں سنہ 2014 میں وہ بھارت سے دبئی منتقل ہوگئی تھیں۔