’معافی مانگو یا 5 کروڑ دو، ورنہ مار ڈالیں گے‘ سلمان خان کو ایک بار پھر دھمکی موصول
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی جانب سے کئی بار قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں اور رواں ماہ ہی سلمان خان کے قریبی دوست و مسلم سیاستدان بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کیا گیا تھا۔ اب سلمان خان کو ایک بار پھر قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے موصول دھمکی میں کہا گیا ہے کہ اداکار کالے ہرن کومارنے پر مندر جاکر معافی مانگیں یا پھر 5 کروڑ روپے ادا کریں۔
ممبئی پولیس کے ٹریفک کنٹرول یونٹ کا کہنا ہے کہ انہیں یہ پیغام ایک شخص کی جانب سے موصول ہوا جس کا دعویٰ ہے کہ وہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھائی ہے۔ دھمکی آمیز پیغام میں لکھا گیا ہے کہ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں تو وہ مندر جاکر معافی مانگیں یا 5 کروڑ روپے ادا کریں اور اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ہم انہیں مار ڈالیں گے، ہمارا گروہ اب بھی سرگرم ہے۔
پولیس اس حوالے سے تفتیش کررہی ہے اور پیغام بھیجنے والے شخص کی تلاش جاری ہے تاہم موصول ہونے والی دھمکیوں کے باوجود سلمان خان نے اپنی آنے والی فلم ’سکندر‘ کی شوٹنگ شروع کردی ہے جس کے لیے وہ حیدرآباد کے شاندار تاج فلک نما پیلس میں موجود ہیں۔
فلم ’سکندر‘ میں سلمان خان ایک بے رحم بزنس مین کے کردار میں نظر آئیں گے جو اپنے گرد پھیلی کرپشن کو چیلنج کرتا ہے۔ اس فلم میں ساتھیاراج اور کاجل اگروال بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان کو اس سے قبل 30 اکتوبر کو ایک نامعلوم شخص کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی جس نے ان سے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
رواں سال اپریل میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے معاملے میں ممبئی پولیس نے 1735 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ جمع کروائی تھی جس میں لارنس بشنوئی کا نام بھی شامل تھا ۔ یہ وہی لارنس بشنوئی ہیں جن پر پنجابی سنگر سدھو موسے والا کے قتل کا الزام ہے۔