آئی پی پیز کو ٹیرف دینے میں ٹیکنالوجی اسٹڈی کی گئی نہ کوئی ٹیسٹ ، سینیٹ کمیٹی میں انکشاف


پانچ آئی پی پیز کا معاہدہ ختم، 18 سے بات چیت جاری ہے، اس کے بعد حکومتی پلانٹس اور سولر ونڈ دیکھیں گے، بریفنگ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آئی پی پیز کو ٹیرف دینے میں حکومتی سطح پر بڑی کوتاہیوں اور غفلت کا انکشاف ہوا ہے، جس کے مطابق آئی پی پیز کی نہ تو کوئی ٹیکنالوجی اسٹڈی کی گئی اور نہ کوئی ٹیسٹ کیا گیا۔
سینیٹ کی پاور کمیٹی کا اجلاس محسن عزیز کی زیرصدارت ہوا، جس میں آئی پی پیز کے معاہدوں، منافع کی شرح اور مستقبل کے اقدامات کے معاملات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے توانائی کے وائس چیئرمین و اسپیشل اسسٹنٹ برائے پاور محمد علی کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ کمیٹی کو منافع کی شرح، کک بیکس، ہیٹ ریٹ، آڈٹ کی تفصیلات نہیں دی گئیں۔ 5 آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہوچکے، باقی آئی پی پیز کا مستقبل کیا ہے، یہ بتایا جائے۔
وزیر اعظم کی ٹاسک فورس برائے توانائی کے وائس چیئرمین و اسپیشل اسسٹنٹ برائے پاور محمد علی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے مہنگی بجلی کے باعث 2019ء میں آئی پی پیز پر اسٹڈی کرائی۔ کمیٹی نے 2020ء میں رپورٹ دی ہم نے آپی پیز کو 1994ء کی پالیسی میں اپ فرنٹ ٹیرف دیا۔ 2002پالیسی میں ایکویٹی پر بھی آئی پی پیز کو ریٹرن آفر کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرمایہ کاری پر ریٹرن دینے کے بعد آئی پی پیز کا منافع 27فیصد سے بڑھا۔ بجٹ نہ ملنے کے باعث پاکستان میں لگنے والی آئی پی پیز کی ٹیکنالوجی کی اسٹڈی نہیں کر سکے ۔ ہم نے 2 کروڑ مانگے تھے دنیا سے ہم اس ٹیکنالوجی کی کاسٹ کا ڈیٹا منگوالیتے۔ اس وقت آئی پی پیز کا ہیٹ ریٹ اور ایفیشنی ریٹ ٹیسٹ نہیں ہوا۔ اس وقت نیپرا نے ان آئی پی پیز کو ہیٹ ریٹ چیکنگ کے بغیر ٹیرف دیا ۔ نیپرا نے ایفیشنی اور ہیٹ ریٹ آڈٹ کرنے کی کوشش کی تو آئی پی پیز نے عدالت سے حکم امتناع لیا۔
محمد علی نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کوشش ہے آئی پی پیز کی اضافی ادائیگیاں مستقبل میں ایڈجسٹ کی جائیں۔ فرنس آئل کے پاور پلانٹس کی ایفیشنی 40فیصد ہے۔ مستقبل میں تمام آئی پی پیز کو ٹیک اینڈ پے پر لے کر جارہے ہیں۔ آئی پی پیز سے مذاکرات میں مزید 3 ماہ لگیں گے۔ قومی خزانے کو 300 ارب اور 3 سے 6 روپے شارٹ ٹرم میں ٹیرف کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بیگاس پاور پلانٹس کے ٹیرف کو پاکستانی کرنسی پر منتقل کر دیا۔ پہلے بیگاس ٹیرف کوئلے کے ڈالر ریٹ سے منسلک تھا۔ اب بیگاس کو کوئلے کی قیمت سے بھی ڈی لنک کر دیا گیا ہے۔ ہم نے بیگاس کے ٹیرف کو کوئلے کی قیمت ڈالر سے ڈی لنک کرنے کی سمری کابینہ کو بھیجوا دی ہے۔ پانچ آئی پی پیز کا معاہدہ ختم ہوچکا، 18 سے بات چیت جاری ہے۔ اس کے بعد حکومتی پلانٹس اور سولر ونڈ کو دیکھیں گے۔