پی سی بی میں ہلچل ، سلمان نصیر کو سی او او سے ہٹا کر پی ایس ایل میں عہدہ دینے کا امکان


سلمان نصیر کیلئے پی ایس ایل میں نیا عہدہ متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا : ذرائع
| اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ میں ایک مرتبہ پھر سے سرجری کی افواہیں گونجنے لگی ہیں اور سی ا و او کرکٹ بورڈ سلمان نصیر کو عہدے سے ہٹایا جانے کا امکان ہے ۔
ذرائع کے مطابق سی او او پی سی بی سلمان نصیر کو پی ایس ایل میں ٹرانسفر کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے اور اس کیلئے نیا عہدہ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیاہے ، سلمان نصیر کو ایم ڈی یا ہیڈ آف پی ایس ایل کا عہدہ دیا جانے کا امکان ہے ۔
سلمان نصیر کی جگہ سابق ڈی سی لاہور سمیر احمد سید کو سی او او بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے ، سمیر احمد سید کی پوسٹنگ پی ایم ہاوس میں ہے،پی ایم ہاوس سے سمیر احمد سید جلد ڈیپیوٹیشن پر پی سی بی آئیں گی، وہ پی سی بی کی نئی سی او او ہوں گی ۔
سلمان نصیر نئے سی او او سمیر احمد سید اور چیئرمین کو رپورٹ کرینگے، ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ کو پی ایس ایل ڈائریکٹر لگائے جانے کا امکان بھی ہے ، عثمان واہلہ کے ڈائریکٹر پی ایس ایل لگائے جانے پر پی ایس ایل فرنچائزز کو شدید تحفظات ہیں ۔
پی ایس ایل فرنچائزز سلمان نصیر کے آنے سے خوش جبکہ واہلہ کے فیصلے پر حیرانگی میں مبتلا ہیں ۔