عوام اب نہ نکلیں تو آئندہ نسلیں چیونٹیوں کی طرح زندگی گزاریں گے،عمران خان


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو ملک پر مسلط قبضہ اور ایکسٹینشن مافیا کے خلاف نکلنا ہو گا ورنہ ہماری آنے والی نسلیں بھی چیونٹیوں کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہو جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے آج اڈیالہ جیل میں میڈیا اور اپنے وکلا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ کل اسمبلی میں بغیر کسی بحث قانون پاس کر کے عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔ ظلم کے نظام کو جائز کر دیا گیا۔ میں ڈیڑھ سال سے پاکستانیوں کو کہہ رہا ہوں کہ آپ سے آپ کی آزادی چھین جاری رہی ہے۔ سپریم کورٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر قبضہ مافیا اور ایکسٹینشن مافیا کا تسلط ہے جو اپنے اقتدار اور قبضے کو طول دینے کے لیے ہر ایک ہتھکنڈا اپنا رہا ہے جس کی نہ آئین اجازت دیتا ہے نہ قانون اور نہ ہی سیاسی اخلاقیات اجازت دیتی ہے،چھبیسویں آئینی ترمیم اور ایکسٹینشن کے لیے کی گئی قانون سازی اسی کا حصہ ہے- عدالتوں اور پارلیمنٹ کو بھی روندا جا رہا ہے اور عوام کو بھی۔جو ایکسٹینشن دی گئی جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور عوام کے حقوق کا قتل ہے- ایکسٹینشن اور قبضے سے ادارے مضبوط نہیں کمزور ہوتے ہیں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ قوم اپنے لیے کھڑی ہو اور منظم ہو کر پرامن احتجاج کرے کیونکہ جب تک ملک میں “انصاف کا انقلاب” نہیں آئے گا تب تک جمہوریت نہیں ہو گی- انصاف کا انقلاب لانے کے لیے تمام لوگوں کو نکلنا ہو گا،یہ کسی ایک شخص یا پارٹی کا نہیں پورے پاکستان کی بقا اور سالمیت کا معاملہ ہے۔