گھر کی مرمت کے دوران نئے مالکان کو پرانے مالک کی لاش مل گئی
پیرس (قدرت روزنامہ)فرانس میں گھر کی مرمت کے دوران نئے مالکان کو گھر کے پرانے مالک کی لاش مل گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانس میں ایک مکان کے نئے مالکان کو مکان کی مرمت اور تزئین و آرائش کے دوران مکان سے ملحقہ عمارت کی دو چھتی پر ایک انسانی ڈھانچہ ملا۔
اس انسانی ڈھانچے کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ یہ مکان کے پرانے مالک کا ہے جو 2009 میں لاپتا ہوگیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈھانچے کے قریب چھت پر رسی بھی بندھی ہوئی ملی جس سے اس بات کا امکان ظاہر ہورہا ہے کہ مرنے والے شخص نے خودکشی کی ہے۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ ڈھانچہ جس دوچھتی میں ملا ہے اس کا صرف ایک ہی دروازہ ہے جو اس طرح بنایا گیا ہے کہ آسانی سے نظر نہ آسکے۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ گھر کا پرانا مالک 2009 میں لاپتا ہوگیا اور اس وقت اس کی عمر 79 سال تھی، مقامی حکام نے اس شخص کی تلاش کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا اور 2016 میں تحقیقات بند کردی گئیں۔
بعد ازاں مقامی عدالت نے 2021 میں اس شخص کو قانونی طور پر مردہ قرار دے دیا تھا۔
ملنے والی لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے اور شناخت کی تصدیق کرنے کے لیے اسے ہسپتال بھجوادیا گیا ہے۔