امریکی صدارتی انتخابات میں خلا بازوں نے اپنا ووٹ کیسے کاسٹ کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدارتی انتخابات میں ناسا کے خلا بازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے ووٹ ڈال کراپنی رائے کا اظہار کیا۔
ٹیکساس میں ہیرس کاؤنٹی کلرک آف کورٹ آفس نے بتایا کہ ناسا کے خلابازبچ ولمور، سنی ولیمز اور ڈان پیٹیٹ نے انتخابات کے دن سے ایک روز قبل بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے اپنا ووٹ ڈالا۔
ہیرس کاؤنٹی کے 12 لاکھ سے زیادہ ابتدائی ووٹرز میں شامل خلابازوں نے انتخابات کے دن انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں حب الوطنی پر مبنی موزے دکھائے۔ ان میں سے 2 خلابازوں نے موزے پہن رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ ہمیں ’امریکی ہونے پر فخر ہے‘۔
خلا سے ووٹنگ ناسا کے نیئراسپیس نیٹ ورک کے ذریعے ممکن بنائی جاتی ہے، جو خلائی اسٹیشن اور مشن کنٹرول کے درمیان دیگر ڈیٹا کے تبادلے کی طرح آئی ایس ایس سے زمین پر بیلٹ منتقل کرتا ہے۔
آئی ایس ایس کی جانب سے 13 ستمبر کو ایک نیوز کانفرنس میں ولیمز نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ایک بہت اہم ذمہ داری ہے جو بطور شہری ہم نبھانا چاہتے ہیں اور میں خلا سے ووٹ ڈالنے کا منتظر ہوں۔