ہمارے وسائل محدود مگر مسائل بہت بڑے ہیں، گورنر بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود مگر مسائل بہت بڑے ہیں سردست محدود وسائل اور بڑھتے ہوئے مطالبات اور ضروریات کے درمیان توازن قائم رکھنا انتہائی مشکل کام ہے لیکن موثر مالیاتی انتظام کے ساتھ، ہم ان درپیش چیلنجز پر بآسانی قابو پا سکتے ہیں. انہوں نے کہا کہ اپنے دستیاب وسائل کو متحرک کرنے، تعمیر و ترقی کے نئے امکانات پیدا کرنے اور پورے معاشی نظام کو ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھانے کیلئے آگے کی سوچ رکھنے والے معاشی وژن کی اشد ضرورت ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا. ملاقات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی بھی موجود تھے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ کہ ہمیں وسائل کو بڑھانے، آمدن کے نئے جدید ذرائع پیدا کرنے اور غیرضروری اخراجات میں کمی لانے کیلئے ایک جامع حکمت عملی بنانی ہوگی.. گورنر بلوچستان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے وہ اچھے ہوتے ہیں جن کے ثمرات غریب عوام تک پہنچ سکیں. انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ باقاعدگی سے ٹیکس ادا کریں کیونکہ ٹیکس کی آمدنی ہی بنیادی ڈھانچے، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی بہبود کے پروگراموں پر خرچ ہوتی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بلوچستان ہی وابستہ ہے. یہاں معدنیات، سیاحت، زراعت اور لائیو سٹاک سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع دستیاب ہیں. قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔