سونے کی قیمت میں نمایاں کمی


کراچی(قدرت روزنامہ)ملک میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آج نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
آل صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ میں بھی ظاہر ہوئے ہیں،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے تک کی کمی واقع ہوئی ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونا 2 لاکھ 83 ہزار 200 روپے میں دستیاب ہے،جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 429 روپے کی کمی کے بعد 2 لاکھ 42 ہزار 798 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے پاکستان میں بھی اس کے اثرات دیکھنے کو مل رہے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ اگلے چند روز میں بھی قیمتیں کم ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 5 ڈالر کی کمی ہوئی ہے،جس کے بعد فی اونس سونا 2736 ڈالر پر آگیا۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق سونے کی قیمتوں میں کمی کی وجہ عالمی معاشی حالات،ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور بین الاقوامی تجارتی تنازعات ہیں،جس کا اثر قیمتی دھاتوں کی قیمت پر بھی پڑ رہا ہے۔