ٹرمپ کے عمران خان سے اچھے تعلقات، ان کے امریکی صدر بننے سے فرق تو پڑے گا، پاکستان تحریک انصاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے سے فرق تو پڑے گا کیونکہ ان کے عمران خان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مداخلت کرنے والی امریکی انتظامیہ جارہی ہے تو یہ ایک اچھی خبر ہے۔
علی محمد خان نے کہاکہ آج جیل میں عمران خان سے ملاقات ہوئی جہاں انہوں نے ٹرمپ کے امریکی صدر بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اب نئی انتظامیہ نیوٹرل ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے اوورسیز رہنماؤں اور کارکنوں نے عمران خان کی رہائی کے لیے جدوجہد کی اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
علی محمد خان نے کہاکہ عمران خان کی رہائی کے لیے ملک کے اندر ہماری جدوجہد جاری رہے گی، آج بھی بھی بانی پی ٹی آئی نے احتجاج کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں نے عمران خان کو احتجاج کے ساتھ ساتھ مذاکرات کرنے کی بھی تجویز دی جس سے انہوں نے اختلاف نہیں کیا، لیکن ان کا مؤقف تھا لگتا نہیں اس کا کوئی فائدہ ہو۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ عمران خان نے آج واضح کیا ہے کہ وہ ملک سے باہر نہیں جائیں گے، اگر حکومت نے کوئی ایسی آفر کی تو وہ جیل میں ہی رہنے کو ترجیح دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان قوم کے ہیرو ہیں، ضروری ہے کہ انہیں جیل سے رہا کیا جائے، تاہم ہم کسی کے کندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے آج ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آکر کسی سے انتقام نہیں لیں گے، ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اگر غیرجانبدار ہوجائے تو ملک آگے بڑھ سکتا ہے۔