وطن کی حفاظت کیلیے پرعزم ہیں، جنرل ساحر شمشاد مرزا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ وطن کی حفاظت کیلیے پرعزم ہیں، پاکستان کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں گریجویشن پریڈ کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان سے 150 ویں جی ڈی پی، 96 ای سی اور 106 اے ڈی کورس کے شرکا پاس آؤٹ ہوئے۔
26 ویں اے اینڈ ایس ڈی، نویں ایل او جی اور 132 ویں سی ایس کورسز کے شرکا بھی پاس آؤٹ ہوں گے۔
چیف آف دی ایئر اسٹاف ظہیر احمد بابر سندھو بھی اس موقع پر موجود تھے۔اپنے خطاب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی میں ان کیساتھ کھڑا ہے، فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اسرائیل فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام خطے کے مفاد میں ہے۔