حکومت کو جو کہنا کہہ لیں، ریاست کے خلاف نہ بولیں اللہ تعالی نے ایسے خاص مقصد کیلئے بنایا ہے، سرفراز بگٹی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک میں قومیت کے نام پر سازش ہورہی ہے ہمیں اس سازش سے بچنا ہے ہم سب کی شناخت اور پہچان پاکستانی ہونا ہے بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے صوبے میں دہشت گردی مار ماری کا تعلق کرپشن سے ہے نئی نسل صوبے میں کرپشن کے خلاف جہاد کرے ۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں نجی کالج میں یوم اقبال کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم تعلیم کے شعبے کئی اسکالرشپ لاکر غریب کے بچوں کو اعلی تعلیم د ینا چاہتے ہیں جو میٹرک میں ضلع میں ٹاپ کرے گا اسے مزید اعلی تعلیم مفت دی جائے گی ،صوبے کے شہد اکے بچوں کی تعلیم اور کفالت حکومت بلوچستان کرے گی ۔میر سرفراز بگٹی کا کہناتھا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کو ورغلایا جارہا ہے ،باہر سے بیٹھ کر بچوں کے ذہن کو تبدیل کیا جارہا ہے ،ریاست کے خلاف لڑنے پر اکسایا جارہا ہے ،اپ حکومت کو جو کہنا ہے کہہ لیں لیکن ریاست کے خلاف نہ بولیں ،اللہ تعالی نے یہ ریاست خاص مقصد کیلئے بنائی ہے ۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ نوجوان سنی سنائی باتوں پر یقین کرنے کے بجائے تحقیقات کریں ، فیس بک ،ٹیوٹر یہ سب سنی سنائی باتوں کے ذریعہ ہیں ،وزیر اعلی نے مزید کہا کہ ہم بچیوں کو اعلی تعلیم کیلئے باہر ملک بھجوا رہے ہیں وہ پڑھی لکھی بچیوں سے خودکش حملے کرارہے ہیں ،اب بلوچستان کے عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ کون درست ہے ،میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پہلے صوبے میں نوکریاں بکتی تھیں ہم نے یہ سلسلہ روکا ہے ، ہم میر ٹ پر نوکریاں دیں گے ، نوجوان برنس پلان لائیں ہم بغیر سود کے لون دیں گے ،وہ کاروبار کریں۔