سردیوں میں وزن کم کرنے کیلئے بہترین غذائیں


لاہور(قدرت روزنامہ)سردیوں میں وزن بڑھنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے،جس کی وجہ موسمی عوامل ہیں۔ٹھنڈے موسم میں لوگ عموماً کم جسمانی سرگرمیاں کرتے ہیں اور زیادہ وقت اندر ہی گزارتے ہیں،جس سے کیلوریز کی مقدار کم جلتی ہے۔
واضح رہے کہ سردی کا موسم بھوک بڑھانے کے ساتھ ہی جسم کو گرم رکھنے کیلئے زیادہ بھرپور اور لذیذ کھانوں کی طلب پیدا کرتا ہے،جو عموماً کیلوریز سے بھرپور ہوتے ہیں۔اگر آپ صحت مند اور غذائیت سے بھرپور سردیوں کی کچھ مخصوص غذائیں اپنی خوراک میں شامل کریں تو یہ نہ صرف وزن برقرار رکھنے میں مددگار ہوں گی بلکہ آپ کے ہاضمے کو بہتر بنا کر میٹابولزم بھی بڑھا سکتی ہیں۔
آیئے جانتے ہیں کہ سردیوں کی کون سی غذائیں آپ کے وزن کو کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔
شکر قندی

شکر قندی فائبر سے بھرپور ہوتی ہے جو آپ کو دیر تک بھوک محسوس نہیں ہونے دیتی اور خون میں شکر کی سطح کو مستحکم رکھتی ہے۔اس میں موجود وٹامن اے اور سی نہ صرف قوت مدافعت کو بڑھاتے ہیں بلکہ اس کی مٹھاس میٹھا کھانے کی خواہش کو پورا کرنے کا ایک صحت مند متبادل ہے۔شکر قندی کو بھون کر یا اُبال کر مختلف کھانوں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
گاجر

گاجر کیلوریز میں کم اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہے جو وزن کو کنٹرول کرنے کیلئے بہترین ہیں۔ گاجر میں بیٹا کیروٹین موجود ہوتا ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ اگر آپ بھوک کو قابو میں رکھنا چاہتے ہیں تو گاجر کا استعمال بہترین ہے۔ اس کا خستہ پن بھوک کو ختم کرتا ہے اور زیادہ کیلوریز کے بغیر تسلی بخش ثابت ہوتا ہے۔
چقندر

چقندر فائبر سے بھرپور اور قدرتی مٹھاس والی سبزی ہے،جو شوگر کی طلب کو کم کرتا ہے۔اس میں موجود فائبر ہاضمے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جسم سے زہریلے مادے نکالنے میں مدد دیتے ہیں۔چقندر خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے،جو سردیوں میں ورزش کیلئے توانائی کی فراہمی میں مددگار ہوتا ہے۔
جئی

جئی سردیوں میں ناشتے کیلئے بہترین اور گرم خوراک ہے۔اس میں موجود فائبر کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور دیر تک بھوک نہیں لگنے دیتا۔جئی کو مختلف پھلوں، گری دار میوے یا بیجوں کے ساتھ ملا کر ایک متوازن اور غذائیت سے بھرپور ناشتہ تیار کیا جا سکتا ہے۔
پالک

پالک کیلوریز میں کم،آئرن، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور سبزی ہے۔ اس میں موجود غذائیت آپ کو توانائی فراہم کرتی ہے،جبکہ فائبر ہاضمے کو بہتر بنا کر بھوک کو قابو میں رکھتا ہے۔ سردیوں میں پالک کو سوپ،سلاد یا اسموتھیز میں شامل کرنا آپ کو وزن برقرار رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
ترش پھل

ترش پھل جیسے مالٹا،کینو اور گریپ فروٹ وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں،جو چربی کو تحلیل کرنے اور مدافعتی نظام کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ان میں پانی اور فائبر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے،جو جسم کو ہائیڈریٹ اور پیٹ کو بھرا ہوا محسوس کرتے ہیں۔ان کا قدرتی مٹھاس بھوک کو قابو میں رکھنے کیلئے بہترین ہے۔
انار

انار اینٹی آکسیڈنٹس،فائبر اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے،جو میٹابولزم کو بڑھانے اور قوت مدافعت کو مضبوط کرنے میں مدد دیتا ہے۔انار کے دانے کھانوں میں کرنچ اور قدرتی مٹھاس کا اضافہ کرتے ہیں اور شوگر کی طلب کو کم کرتے ہیں۔ انار کم کیلوریز پر مشتمل ہوتا ہے اور اسے سلاد، دہی یا جئی کے ساتھ ملا کر کھایا جا سکتا ہے۔
بروکلی

بروکلی ایک کم کیلوریز والی سبزی ہے جو فائبر اور پانی کی زیادہ مقدار کے باعث وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ اس میں وٹامن سی اور کے کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو مدافعتی نظام اور ہڈیوں کی صحت کیلئے مفید ہیں۔بروکلی کو بھاپ میں پکا کر یا بیک کر کے کھانوں میں شامل کرنا غذائیت سے بھرپور اور اطمینان بخش ثابت ہو سکتا ہے۔
سردیوں کی ان غذائیت سے بھرپور غذاؤں کو اپنی خوراک میں شامل کر کے نہ صرف آپ وزن کو قابو میں رکھ سکتے ہیں بلکہ موسمی بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ ان غذاؤں میں موجود فائبر، وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس آپ کی صحت کو بہتر بناتے ہیں،توانائی فراہم کرتے ہیں اور جسم کو ہائیڈریٹ رکھتے ہیں۔