کوپ29: متحدہ عرب امارات نے اہم اعلان کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)متحدہ عرب امارات نے کوپ29 کانفرنس کے موقع پر باکو میں متحدہ عرب امارات کے پویلین کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔
جمہوریہ آذر بائیجان کے دارلحکومت باکو میں ہونے والی کوپ29 کانفرنس سے قبل متحدہ عرب امارات کے اسسٹنٹ وزیر خارجہ برائے توانائی اور پائیدار امور عبداللہ البلعلہ نے کانفرنس میں متحدہ عرب امارات کی شرکت کی تفصیلات کا اعلان کیا ہے۔
ان میں ایک قومی پویلین اور 2 ہفتوں کے دوران 60 سے زائد فکری قیادت کے مکالمے اور اعلانات شامل ہیں۔
عبداللہ البلعلہ نے کہا کہ کوپ29 ہمارے اجتماعی ماحولیاتی سفر میں ایک اہم موڑ ہے۔ متحدہ عرب امارات کے اتفاق رائے اور سی 1.5کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں کے ایک سال بعد اور ممالک کی جانب سے اپنے قومی سطح پر طے شدہ شراکتوں کو پیش کرنے سے 3 ماہ قبل یہ کانفرنس عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اہم ہے۔
عبداللہ البلعلہ کے مطابق متحدہ عرب امارات مذاکرات میں ایک فعال اور تعمیری کردار ادا کرتے ہوئے، سی 1.5کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششوں اور عالمی توانائی کی منتقلی کو تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوپ29 میں اپنی شرکت کے حصے کے طور پر ہم بلیو زون میں متحدہ عرب امارات کے پویلین کی میزبانی کریں گے، جو 2 ہفتوں کے دوران موسمیاتی ماہرین، سرکاری حکام، نجی شعبے کے رہنماؤں، ماہرین تعلیم اور نوجوانوں کو 60 سے زیادہ موضوعاتی سائڈ لائن پروگراموں کے لیے اکٹھا کرے گا۔
متحدہ عرب امارات کا پویلین ’ایکسلیریٹنگ ایکشن ٹوگیدر‘ کے عنوان سے ملک کے ماحولیاتی سفر کو پیش کرے گا۔ جس میں کوپ28 کی میراث، حیاتیاتی تنوع میں پیش رفت، موسمیاتی مالیات، نیٹ زیرو کے لیے متحدہ عرب امارات کی وابستگی، خوراک اور پانی کی لچک کو بڑھانا اور زندگیوں اور روزیوں کا تحفظ جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی جائے گی۔