’امید ہے یہ اس وقت با وضو ہوں گے‘ نعمان اعجاز اور صبا قمر کے بولڈ سین پر صارفین کی شدید تنقید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اداکار نعمان اعجاز اورمقبول اداکارہ صبا قمر کی ویب سیریز ’مسز اینڈ مسٹر شمیم‘ کا ایک بولڈ سین سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس کو صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ویب سیریز ’مسز اینڈ مسٹر شمیم‘ کو زی 5 نے پروڈیوس کیا ہے جو ایڈز میں مبتلا ایک جوڑے کی کہانی کے گرد گھومتی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نعمان اعجاز اور صبا قمر کے بولڈ سین سے کافی ناراض ہیں کیونکہ ان کے مطابق دونوں اداکار با صلاحیت ہیں اور انہیں اس طرح سستی حرکتیں کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا کہ نعمان اعجاز اور صبا قمر کو دیکھ کر انہیں لگا یہ نیٹ فلکس سیریز کا کوئی بولڈ سین ہے۔ ایک اور فیس بک صارف نے تبصرہ کیا کہ شہرت پانے کے لیے ساری حدیں پار کرنی پڑتی ہیں۔
اکبر علی لکھتے ہیں کہ آج کل کے ڈرامے فیملی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنے کے قابل نہیں رہے، ایک صارف نے کہا کہ یہ وہی اداکار ہیں جنہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ شوٹنگ کے دوران وضو کی حالت میں ہوتے ہیں جبکہ زہرہ علی نے طنزاً لکھا کہ امید ہے نعمان اعجاز اس وقت با وضو ہوں گے۔
جہاں کئی صارفین صبا قمر اور نعمان اعجاز کو تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے وہیں چند صارفین ایسے بھی تھے جو ان کی اداکاری اور ڈرامے کو سراہتے رہے، ایک صارف کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھی ویب سیریز ہے جو ایڈز پر بنائی گئی ہے اور معاشرے میں جو ہوتا ہیں وہی دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں نعمان اعجاز کا ایک بیان وائرل ہوا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ باوضو ہوکر کام کرتے ہیں اس لیے اللہ ان کے شوبز کے کام میں برکت ڈالتے ہیں اور وہ کام لوگوں کو پسند آجاتا ہے، ان کا رزق ایسے ہی چلتا ہے، ان کا کوئی کمال نہیں، سب خدا کا کرم ہے۔
اداکار نے شکوہ کیا کہ انہوں نے ماضی میں جب یہ بات کی تھی کہ وہ باوضو ہوکر اداکاری کرتے ہیں تو لوگوں نے ان کا مذاق اڑایا اور ان کے بیان کا مذاق اڑایا گیا تھا کہ اداکار باوضو ہوکر نامحرم عورتوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
نعمان اعجاز اور صبا قمر ورسٹائل اداکار ہیں جو کامیاب پاکستانی ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے بڑی کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں۔ صبا قمر کے حالیہ کامیاب ڈراموں میں فراڈ، سیریل کلر اور پاگل خانہ شامل ہیں۔ نعمان اعجاز حال ہی میں دنیا پور، ہم دونوں اور بسمل کے لیے تعریفیں حاصل کر رہے ہیں۔ دونوں اداکاروں نے مختلف ڈراموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا ہے جن میں الّو برائے فرخت نہیں، جو چلے تو جان سے گزر گئے اور مسز اینڈ مسٹر شمیم شامل ہیں۔