پاکستان کا شاندار کھیل، دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی


ایڈیلیڈ (قدرت روزنامہ)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچز کی سیریز کا دوسرا میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 8 اوور میں 29 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آج کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی، تاہم آسٹریلوی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 35 اوورز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں پاکستان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 26.3 اوورز میں 169 رنز بنا کر میچ میں فتح حاصل کی اور یوں 100 اوورز کا میچ صرف 61.3 اوورز میں اختتام پذیر ہوگیا۔
پاکستان اننگز
پاکستان کی جانب سے دونوں اوپنرز نے شاندار نصف سینچریاں بنائیں، 21ویں اوور میں جب پاکستان کا مجموعی اسکور 137 تھا تو صائم ایوب آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 71 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر ایڈم زمپا کی گیند پر جوش ہیزل ووڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اوپنر عبداللہ شفیق 69 گیندون پر 64 رنز اور بابر اعظم 20 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا اننگز
آسٹریلیا کی جانب سے کوئی بلے باز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا، اسٹیوین اسمتھ نے اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے دھواں دھار بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد رضوان نے 6 کیچز پکڑے۔

ایڈیلیڈ میں آسٹریلوی اوپنرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں 21 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر مکگرک شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 10 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔ ساتویں اوور میں 41 کے مجموعی اسکور پر میتھیو شارٹ بھی شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔ انہوں نے 15 گیندوں پر 19 رنز بنائے اور بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلیا کے 13.3 اوورز میں 79 کے مجموعی اسکور پر جوش انگلس 25 گیندوں پر 18 رنز بنا کر جبکہ 16ہویں اوور میں 87 کے مجموعی اسکور پر مارنوس لابوشین 11 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ یہ دونوں بلے باز حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 21ویں اوور میں جب آسٹریلیا کا اسکور 101 تھا تو اسٹیون اسمتھ بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 48 گیندوں پر 35 رنز بنائے اور محمد حسنین کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 26ویں اوور میں 121 کے مجموعی اسکور پر گری جب ایرون ہارڈی 29 گیندوں پر 13 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 28ویں اوور میں جب آسٹریلوی ٹیم کا مجموعی اسکور 129 تھا تو گلین میکسویل بھی واپس لوٹ گئے۔ وہ 21 گیندوں پر 16 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اگلے اوور میں ابھی آسٹریلیا کے مجموعی اسکور میں ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ مچل اسٹارک بھی ایک رن بناکر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
32ویں اوور میں 146 کے مجموعی اسکور پر پیٹ کمنز بھی آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 17 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 35ویں اوور کی آخری بال پر شاہین آفریدی نے ایڈم زمپا کو بولڈ کردیا، انہوں نے 21 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔ جوش ہیزل ووڈ 9 گیندوں پر 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان پلیئنگ الیون
عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد حسنین۔
آسٹریلیا پلینگ الیون
میتھیو شارٹ، جیک فریزر مکگرک، اسٹیون اسمتھ، جوش انگلس، مارنوس لابوشین، ایرون ہارڈی، گلین میکسویل، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا، جوش ہیزل ووڈ۔
پہلے ون ڈے میں پاکستان کو شکست ہوئی
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 4 نومبر کو سیریز کے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ میلبرن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.4 اوورز میں 203 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ کپتان محمد رضوان 44، نسیم شاہ 40 اور بابراعظم 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ مچل اسٹارک 33 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
جواب میں آسٹریلیا نے 33.3 اوورز میں (99 گیندوں قبل) 8 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنا کر ہدف پورا کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جوش انگلس 49، اسٹیون اسمتھ 44 اور پیٹ کمنز 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی تھی۔