2024 میں کتنے پاکستانیوں نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مالی سال 2024 میں 52 لاکھ 15 ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق، 6 نومبر تک 52 لاکھ 15 ہزار 951 افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے، گزشتہ مالی سال کے مقابلے گوشواروں میں 76 فیصد یعنی 22 لاکھ 56 ہزار کا اضافہ ہوا، گزشتہ سال اسی مدت میں 29 لاکھ 59 ہزار 774 ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے تھے۔
ایف بی آر کے مطابق، رواں برس گوشواروں کے ساتھ 132 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس بھی جمع ہوا جو گزشتہ سال کے 77 ارب کے مقابلے میں 71 فیصد زیادہ ٹیکس ہے۔
ایف بی آر کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2024 کے لیے 20 لاکھ 51 ہزار 962 افراد نے قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کی، مجموعی ٹیکس گوشواروں میں ایسے افراد کی شرح 39 فیصد سے زائد ہے۔
واضح رہے کہ یکم نومبر کو ایف بی آر نے مالی سال 2024 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 اکتوبر سے آگے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے پہلے انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت 30ستمبر کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی، لیکن اسے بھی 14اکتوبر اور پھر 31اکتوبر کو 2 بار بڑھایا گیا۔
31 اکتوبر کی تک ایف بی آر کو 50 لاکھ روپے سے زائد انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے تھے، جو گزشتہ سال کے اسی وقت کے 28 لاکھ گوشواروں کے مقابلے میں 77.47 فیصد زیادہ تھے۔