سعودی ویمن ٹیم سے دوستانہ فٹبال میچ، پاکستان فٹبال فیڈریشن کو تاحال این او سی نہ مل سکا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو سعودی عرب کیخلاف قطر میں فرینڈلی ویمن فٹبال میچ کیلئے این او سی کے اجرا سے قبل ضروری دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کردی ۔
ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے 7 نومبر کو این او سی کیلئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو خط لکھا تھا لیکن اس خط میں فرینڈلی میچ سے متعلق مکمل تفصیلات شامل نہیں کی گئی تھیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف نے پی ایس بی کو بھیجے خط میں درخواست کی تھی کہ ٹائم لائن قوانین میں نرمی کرتے ہوئے جلد این او سی جاری کیا جائے، تاہم اس خط کے ساتھ پی ایف ایف نے پلیئرز کے نام اور دیگر ضروری تفصیلات فراہم نہیں کیں گئی تھیں۔
پی ایس بی نے جوابی خط کے ذریعے پی ایف ایف پر واضح کیا کہ پلیئرز کی مکمل تفصیلات، میزبان ملک سے موصولہ دعوت نامے اور فیڈریشن کی انڈر ٹیکنگ سمیت دیگر ضروری دستاویزات فراہم کیے بغیر این او سی کا اجرا ممکن نہیں۔