عبدالباسط کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی ، وی بی ایم پی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری لاپتہ عبدالباسط شاہوانی کی کوائف انکے والد نے وی بی ایم پی کے پاس جمع کرادیئے غوث بخش نے کہا کہ انکے بیٹے عبدالباسط شاہوانی کو رواں سال 12 جولائی کو انکے گھر واقع کلی مینگل آباد، جوان کراس، منگچر سے رات کو غیر قانونی طریقے سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا اور انہیں انکے بیٹے کے حوالے سے معلومات بھی فراہم نہیں کیا جارہا ہے جسکی وجہ سے انکے خاندان شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہوئے ہیں بیان میں نصراللہ بلوچ نے کہا کہ تنظیمی سطح پر غوث بخش کو یقین دہانی کرائی گئی کہ انکے بیٹے کے کیس کو حکومت، لاپتہ افراد کے حوالے سے بنائی گئی کمیشن اور اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ برائے جبری گمشدگی کو فراہم کیا جائےگا اور عبدالباسط کی باحفاظت بازیابی کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی نصراللہ بلوچ نے کہا کہ عبدالباسط کی ماورائے آئین گرفتاری اور انکے خاندان کو معلومات فراہم نہ کرنا ملکی قوانین میں دیئے گئے شہریوں کی بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جسکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ عبدالباسط شاہوانی پر کوئی الزام ہے تو انہیں منظر عام پر لاکر عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر بےقصور ہے تو فوری طور رہا کرکے انکے خاندان کو زندگی بھر کی کرب و اذیت سے نجات دلائی جائے۔