صوابی جلسہ گاہ کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے دھرنا دیے جانے کا بھی امکان ہے
پشاور(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے صوابی میں آج ہونے والے پاور شو کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور جلسہ کے لیے روانہ ہوگئے ہیں .
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج صوابی میں پاور شو کرنے جارہی ہے، جس کے لیے پنڈال سجا دیا گیا ہے اور جلسہ گاہ میں کرسیاں و لائٹس لگادی گئی ہیں .
جلسے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت دیگر رہنما خطاب کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے .
موٹر وے انٹرچینج صوابی کے مقام پر منعقدہونے والے جلسے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے علاوہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر،اسد قیصر ، عمر ایوب اوردیگر قائدین بھی خطاب کریں گے .
جلسے کے لیے صوابی ، مردان ،نوشہرہ اور پشاور سے تعلق رکھنے والے ہر رکن اسمبلی کو ایک ہزار کارکن لانے کا ٹاسک دیاگیا جب کہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کو 5، 5سو افراد لانے کی ہدایت کی گئی ہے .
پی ٹی آئی کی قیادت صوابی جلسے میں پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی .
صوابی جلسہ گاہ کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے دھرنا دیے جانے کا بھی امکان ہے، تاہم اسلام آباد کی جانب مارچ نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کیاجائے گا .
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورصوابی جلسہ کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جو پشاورسے براستہ موٹروے صوابی پہنچیں گے .