صوابی جلسہ: علی امین گنڈاپور نے کارکنوں سے کیا حلف لیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا صوابی میں ہونے والا جلسہ اختتام پذیر ہوگیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اعلان کیاکہ عمران خان اسی مہینے حقیقی آزادی کے لیے احتجاج کی فائنل کال دینے جارہے ہیں جس کے لیے قوم نے تیار رہنا ہے۔
انہوں نے جلسے میں شریک کارکنوں سے ہاتھ اٹھا کر حلف لیا کہ وہ عمران خان کے ہر حکم اور فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
کارکنوں سے حلف میں مزید کہلوایا گیا کہ اگر احتجاج کے دوران ان کا سب کچھ ضائع ہوجائے اس کے باوجود ان کا مشن عمران خان کی رہائی ہوگا۔
علی امین گنڈاپور نے کارکنوں سے عہد لیا کہ وہ فائنل کال پر نکلنے کے بعد عمران خان کی رہائی تک گھروں کو واپس نہیں جائیں گے، اور حقیقی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔
صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم، اسد قیصر، حماد اظہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔