پنجاب کو اسموگ میں چھوڑ کر باپ بیٹی جنیوا گھوم رہے ہیں، بیرسٹر سیف کا طنز


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب کا نام لیے بغیر طنز کیا ہے کہ اپ بیٹی جنیوا کی تازہ ہواؤں میں گھوم رہے ہیں، اطلاعات ہیں مریم نواز نے پرائیوٹ جیٹ ہائیر کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے عوام کو اسموگ کے رحم و کرم پر چھوڑ کر دونوں باپ بیٹی یورپ کی سیر کر رہے ہیں۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کا کہنا ہے کہ جہاز نے صندوقوں اور سوٹ کیسز سے بھر کر اڑان بھری ہے، ملک کی حالت قابل رحم ہے اور ان کے شاہی خرچے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا کے مطابق پنجاب میں بدترین اسموگ کی وجہ سے زندگی کے معمولات معطل ہیں، باپ بیٹی کا جنیوا میں گھومنا پنجاب کے عوام کے ساتھ مذاق ہے۔
انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے لیڈروں سے یہی توقع کی جا سکتی ہے، فارم 47 والے عوام کا مذاق اڑاتے ہیں، یورپ میں سرجری اور علاج کرانا پنجاب کے اسپتالوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
بیرسٹر سیف کے مطابق انہوں نے کئی باریاں لینے کے باوجود ایک اسپتال ایسا نہیں بنایا جہاں اپنا علاج کرا سکیں، پنجاب کے اسپتال ادویات کی قلت اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے صوبے کے اسپتالوں کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتیں، خود علاج باہر سے کراتی ہیں۔