ریلوے اسٹیشن بم دھماکہ کی ابتدائی رپورٹ پیش، بحالی امن کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا موثر اقدامات پر اتفاق،
پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کا فیصلہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہاں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ملاقات کی اور گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن کوئٹہ میں مسافروں پر خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ اور مجموعی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بلوچستان میں امن عامہ اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا دونوں رہنماؤں نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ہی پہلا اور اخری آپشن ہوگا .
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیر اعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں امن کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی اور صوبے کو دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی .
وزیراعلی بلوچستان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں لوگوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جاریے ہیں .
مٹھی بھر عناصر تخریبی کاروائیوں میں ملوث ہیں جن کا ہر صورت قلع قمع کیا جائے گا . بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق مشترکہ طور پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کو ریلوے اسٹیشن کوئٹہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی اجلاس میں شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا .
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے پوری طاقت سے فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں گے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا . اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گے . انہوں نے ترجیحی بنیادوں پر بلوچستان کو اس ضمن میں وسائل فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا .
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے پولیس سی ٹی ڈی لیویز اور دیگر فورسز کی تربیت اور استداد کار میں اضافے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف صوبائی حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا وفاقی حکومت کے تعاون سے لیویز پولیس اور سی ٹی ڈی کے استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا اور اس کے لئے ان فورسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا .
انہوں نے کہا ہمارا عزم ہے کہ ہم بلوچستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ کی بلوچستان میں امن کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہیں اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات سمیت دیگر اعلی حکام نے بھی شرکت کی .