کوئٹہ خودکش دھماکا: بلوچستان حکومت کا 3 روزہ سوگ کا اعلان، ٹرین آپریشن 4 روز کے لیے معطل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، جبکہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹرین آپریشن 4 روز کے لیے معطل کردیا گیا۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، جس کے مطابق 11 سے 13 نومبر تک قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
یاد رہے کہ 9 نومبر کو کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔
دوسری جانب سیکیورٹی صورتحال کے باعث کوئٹہ سے ٹرین آپریشن بھی معطل کردیا گیا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے کہاکہ سیکیورٹی صورتحال اور مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ٹرین آپریشن 4 روز کے لیے معطل کردیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس طرح کا واقعہ ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا، اس وقت خودکش دھماکے کے 50 زخمی ٹراما سینٹر میں داخل ہیں جن کی دیکھ بھال کے لیے ریلوے کی میڈیکل ٹیمیں موجود ہیں۔
عامر علی بلوچ کا کہنا تھا کہ خودکش دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔