کیا سدھو کی کپل شرما شو میں واپسی ہوگئی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر آنے والے ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ کا شمار بھارت کے مقبول ترین کامیڈی شوز میں ہوتا ہے۔
نیٹ فلکس سے قبل شو کے میزبان کپل شرما ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ سے ملتے جلتے مختلف ناموں سے شو کرتے رہے ہیں۔
بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر و سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو 2019 تک اس شو کا اہم حصہ رہے ہیں جس میں وہ اپنے قہقہوں کے ساتھ برجستہ جملوں اور شاعری سے شو میں چار چاند لگاتے رہے۔
تاہم پلوامہ حملے سے متعلق نوجوت سدھو کے ایک بیان نے بھارت میں ہنگامہ کھڑا کردیا تھا اور انتہاپسندہندوؤں نے ان کے خلاف مظاہرے شروع کردیے تھے جس کے بعد سدھو کو کامیڈی شو سے نکالنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، بصورت دیگر شو کے بائیکاٹ کی دھمکی دی گئی جب کہ ان کے خلاف ممبئی کی فلم سٹی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ہندو انتہاپسندوں کے احتجاج پرکامیڈی شو کی انتظامیہ نےگٹھنے ٹیکتے ہوئے سدھو کو شو سے علیحدہ کردیا تھا۔
سدھو کے بعد ان کی کرسی اداکارہ ارچنا پورن سنگھ نے سنبھالی اور اب تک وہ ہی کپل کے ساتھ شو میں شریک ہیں۔تاہم یہ سوال اکثر کیا جاتا رہا ہے کہ کیا سدھو واپس شو کا حصہ بنیں گے یا نہیں؟
اب شو کی نئی قسط کی جھلکیاں سامنے آئی ہیں جنہیں دیکھ کر ناظرین حیران رہ گئے کیونکہ اس میں سدھو ایک بار پھر اپنی نشست پر براجمان نظر آرہے ہیں۔
نوجوت سدھو کی جانب سے سوشل میڈیا پر شو کا پرومو شیئر کیا گیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سدھو نے شو میں شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنی کرسی واپس لے لی ہے جب کہ ارچنا پورن سنگھ پریشانی کے عالم میں کپل سے کہہ رہی ہیں کہ مجھے میری کرسی واپس دلاؤ۔
پرومو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ سدھو شو میں مہمان کی حیثیت سے شریک ہوئے ہیں جب کہ شو میں سنیل گروور ایک بار پھر سدھو بن کر شریک ہیں اور خوب مستیاں کر رہے ہیں۔
شو میں سابق انڈین کرکٹر ہربھجن سنگھ بھی اپنی اہلیہ گیتا بسرا کے ساتھ شریک ہیں۔