پشتونخواہ میپ دہشتگردی کے ہر شکل کی مخالفت کرتی رہی ہے ، صوبے کے کسی بھی ضلع میں امن وامان کا وجود ہی نہیں،قہار ودان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے پارٹی کے دیگر رہنماﺅںوکارکنوں ہمراہ ٹراما سینٹر سول ہسپتال میں کوئٹہ ریلوے سٹیشن دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ۔انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی دہشتگردی کے ہر شکل کی مخالفت کرتی رہی ہے ، حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں بے گناہ ، نہتے انسانوں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے، صوبے کے کسی بھی ضلع میں امن وامان کا وجود ہی نہیں ، عوام جان ومال کے عدم تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار ہیں جس کی بنیادی وجہ فارم 47کی نااہل حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی اپنی اصل ذمہ داریوںغافل ہونا اور سویلین اتھارٹی کو مفلوج بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں میں دہشتگردانہ واقعات میں 80سے زائد شہری لقمہ اجل بن گئے اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثر اپائج کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ ہرواقعہ کے بعد حکومت مذمتی بیانات کے ذریعہ بری الذمہ نہیں ہوسکتی ۔ حکومت سویلین اتھارٹی کو بحال کرتے ہوئے ہر ڈویژن، ضلع ، ہیڈکوارٹر اورعلاقوں میں عوام کے سرومال کی تحفظ کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سماولنگ میں ٹرکوں کو نذر آتش کرنے، دو افراد زدکوب اور زخمی کرنے کے بعد گزشتہ روز ایک بار پھر مانگی کے مقام پر کوئلے سے لوڈ ٹرکوں کو نذر آتش کیا گیا جبکہ فائرنگ سے پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر خلیل ملازئی زخمی اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے ۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی ان واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امن وامان کے قیام کا مطالبہ کرتی ہے۔انہوں نے ٹراما سینٹر ہسپتال میں زخمیوں کے علاج ومعالجے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروںاورعملے کی خدمات کو سراہا ۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، ضلع کوئٹہ کے ایگزیکٹوز ڈاکٹرحبیب اللہ ، فضل ترین، جعفر شاہ آغا، ملک انور بڑیچ، اسلم خلجی ، سعید خان مندوخیل اوردوست محمد سمیت دیگر کارکنان بھی ہمراہ تھے۔