پرواز کے دوران پیدا ہونے والے بچے کو کہاں کی شہریت ملتی ہے؟


بچے کو متعلقہ ملک یا پھر ایئر کرافٹ کو رجسٹر کرنے والی ریاست کی بنیاد پر بھی شہریت دی جاسکتی ہے۔
امریکا (قدرت روزنامہ)کسی بھی پرواز کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی شہریت کس ملک کی ہوتی ہے؟ یہ سوال کبھی کبھی آپ کے ذہن کے پردے پر بھی اُبھرا ہوگا۔ اگر کسی خاتون کا تعلق امریکا سے ہے تو کیا یورپ کے کسی ملک پر سے اُڑتے ہوئے طیارے میں بچے کی پیدائش کی صورت میں اُس کی شہریت امریکا کی ہوگی یا اُس یورپی ملک کی؟
شہری ہوابازی کی ریکارڈ شدہ تاریخ میں اب تک 75 بچے پرواز کے دوران پیدا ہوئے ہیں۔ انٹرنیشنل سوسائٹی آف ٹریول میڈیسن کی 2019 کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق 1929 سے 2018 کے دوران پرواز کے دوران ہونے والی ریکارڈیڈ ولادتیں 74 ہیں۔ ان میں سے 71 بچے زندہ رہے۔
پرواز کے دوران پیدا ہونے والے کسی بھی بچے کی قومیت یا شہریت کا تعین ایک پیچیدہ معاملہ ہوتا ہے۔ اس کا مدار کئی باتوں پر ہے، بالخصوص متعلقہ اقوام یا ممالک کے قوانین پر۔
بچہ چاہے کسی بھی ملک میں پیدا ہوا ہو، چند ممالک بچے کو والدین کی شہریت دیتے ہیں۔ اگر والدین اس بات کو قبول کرلیں تو پھر بچے کی قومیت اور شہریت کا سوال نہیں اٹھتا۔ مثلاً اگر والدین فرانس کی شہریت رکھتے ہوں تو بچہ چاہے کسی بھی ملک کی فضائی حدود میں پیدا ہوا ہوا، اُسے فرانس کی شہریت دی جائے گی۔
ایسا بہت کم ہوتا ہے مگر بہرحال ہوتا ہے کہ کسی بچے کو کسی ملک کی شہریت اِس بنیاد پر ملتی ہے کہ وہ اُس ملک کی حدود میں پرواز کے دوران پیدا ہوا ہو۔ امریکا اس طور شہریت دینے والا ملک ہے۔ دنیا بھر کے ممالک ایسی حاملہ خواتین کو سفر کی اجازت نہیں دیتے جن کے ہاں ولادت ہونے ہی والی ہو۔
اگر قومیت اور شہریت سے متعلق قوانین میں تضاد پایا جائے اور متعلقہ ممالک شہریت دینے کے لیے تیار نہ ہوں تو ایسے بچے کو بے ریاست شہری تصور کیا جاتا ہے۔ پیدائش کے مقام کی بنیاد پر ملنے والی شہریت jus soli کہلاتی ہے جبکہ والدین کی شہریت کی بنیاد پر دی جانے والی شہریت کو jus sanguinis کہا جاتا ہے۔
اگر بین الاقوامی پانیوں پر گزرنے والے طیارے میں کوئی بچہ پیدا ہو تو والدین کی شہریت یا ایئر لائن کی رجسٹریشن کی طرف سے اجازت نہ دیے جانے کی صورت بچے کو شہریت نہیں دی جاسکتی۔
پرواز کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی شہریت پر فلیگ جیورسڈکشن یعنی ایئر کرافٹ کی رجسٹریشن کا مقام یا ملک بھی اثر انداز ہوسکتا ہے۔ کبھی کبھی کسی بچے کو ایسی صورت میں رجسٹریشن کرنے والے ملک کی شہریت دی جاتی ہے جب طیارہ کسی ملک کی حدود سے نہیں بلکہ بین الاقوامی فضائی حدود سے گزر رہا ہو۔
پرواز کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی شہریت پر متعلقہ ممالک کے درمیان طے پانے والے معاملات بھی اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ ایسے سمجھوتے بالعموم اس لیے ہوتے ہیں کہ بچے کو بے ریاست شہری بننے سے روکا جائے۔