لاہور(قدرت روزنامہ) ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد بٹ کوائن تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گیا، کیونکہ تاجروں کے مطابق ٹرمپ کی واپسی کرپٹوکرنسی کے لیے مثبت ثابت ہوگی .
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل کرنسی اپنی تاریخ میں پہلی بار اتوار کی رات 12 بجے کے فوراً بعد 80 ہزار ڈالر کی سطح عبور کر گئی .
5 نومبر کے صدارتی انتخاب میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے جیتنے کے بعد سے خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ڈیجیٹل کرنسیوں پر ضوابط کو آسان کر دیں گے . بٹ کوائن مارچ میں 73 ہزار 798 ڈالر کے تاریخی ریکارڈ سے مزید آگے بڑھ کر بدھ کو 75 ہزار ڈالر کا ہوگیا تھا .
ڈونلڈ ٹرمپ کو صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کاملا ہیرس کے ساتھ مقابلے میں کرپٹو کے حامی امیدوار کے طور پر دیکھا گیا . اپنی صدارت کے پہلے دور میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کرپٹو کرنسیوں کو گھوٹالا قرار دیا تھا، لیکن اس کے بعد سے انہوں نے اپنی پوزیشن کو یکسر تبدیل کر دیا، یہاں تک کہ اس کی حمایت میں اپنا پلیٹ فارم بھی شروع کیا .
انہوں نے امریکا کو ’دنیا کا بٹ کوائن اور کرپٹو کرنسی کیپٹل‘ بنانے کا وعدہ کیا ہے اور ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والے معروف ارب پتی ایلون مسک کو سرکاری فضلے کے وسیع پیمانے پر آڈٹ کا انچارج بنایا ہے .
واضح رہے کہ کرپٹو کرنسیاں اپنی تخلیق کے بعد سے ہی اپنی انتہائی اتار چڑھاؤ والی نوعیت سے لے کر کئی صنعتی افراد کی تباہی کے باعث خبروں میں رہی ہیں .