دہشت گردی کا خاتمہ کرکے پائیدار قیام امن کو یقینی بنائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی


بلوچستان صوبائی کابینہ کی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوت اور توانائی سے لڑنے کا عزم
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان صوبائی کابینہ کا اجلاس پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس کے آغاز پر گزشتہ دنوں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے بم دھماکہ کے شہداء کے لئے دعا کی گئی بلوچستان کابینہ نے ریلوے اسٹیشن بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوت اور توانائی سے لڑنے کا عزم کیا ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت صوبائی کابنیہ کے اجلاس میں بلوچستان سیکورٹی آف وینر ایبل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 2024 کی منظوری دی گئی اس ایکٹ کے تحت بلوچستان میں بحالی امن کیلئے مختلف سیکورٹی اداروں کے مربوط اقدامات کو بار آور بنایا جائے گا۔

بلوچستان کابینہ نے راڑا شم اور کنگری میں نئے پولیس اسٹیشنوں جبکہ چمن ماسٹر پلان لیویز تھانہ کے قیام کی منظوری دی ، صوبائی کابینہ نے بلوچستان سلیز ٹیکس آن سروسز ریونیو اپیلیٹ ٹریبونل کے چئیرمین/ اراکین کی تعیناتی کی بھی منظوری دی اجلاس میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کے لئے درکار فنڈز کی بھی منظوری دے دی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت سے نمٹنے کیلئے پختہ عزم سے کام کررہے ہیں پائیدار قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز حکومت اور عوام مل کر لڑ رہے ہیں گے ۔

امن دشمن عناصر کو مکمل شکست سے دوچار کریں گے ہم پرعزم ہیں کہ دہشت گردی کا خاتمہ کرکے امن کی بحالی کو یقینی بنائیں گے انہوں نے کہا کہ صوبے میں حسب ضرورت قائم کردہ نئے پولیس اور لیویز تھانوں کے قیام سے بحالی امن کے اقدامات میں مدد ملے گی وزیر اعلٰی نے ہدایت کی کہ مجوزہ نئے پولیس اسٹیشنوں کی حدود کا تعین عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ شہر پورے صوبے کا چہرہ ہے اس لئے صوبائی دارالحکومت کی بہتری کیلئے کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کی وسعت ناگزیر ہے ۔
شہر کی ترقی اور خوبصورتی کے لیے درکار فنڈز کا اجراء بلا تاخیر کیا جائے گا اجلاس میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کے واقعہ کے بعد ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی پر محکمہ صحت بلوچستان کی کارکردگی کو سراہا گیا وزیر اعلٰی بلوچستان نے روز وقوعہ صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، میر شعیب نوشیروانی، حاجی علی مدد جتک، سمیت متعلقہ حکام اور محکمہ صحت کے تمام ڈاکٹرز اور طبی عملے کی بے لوث انسانی خدمات کو سراہا۔

وزیر اعلٰی بلوچستان کی مشیر ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اجلاس میں تجویز دی کہ کسی بھی ہنگامی اور ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے رضا کاروں کو ضروری تربیت دیکر ان کی خدمات حاصل کی جائیں تو ریلیف سرگرمیوں کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے، وزیر اعلٰی بلوچستان نے تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے بہتر حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی، میر سلیم کھوسہ، میر عاصم کرد گیلو، حاجی علی مدد جتک، نور محمد دمڑ، راحیلہ حمید خان درانی، بخت محمد کاکڑ، وزیر اعلٰی کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسیپل سیکرٹری عمران زرکون ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شہاب الدین سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔