شہباز شریف سے عرب اسلامک سمٹ کی سائیڈ لائینز پر سعودی وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات


2.8 ارب ڈالرکی مفاہمتی یادداشتوں پردستخط ہوئے،8 پرکام کا آغاز ہوچکا ہے: وزیراعظم شہبازشریف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم سےسعودی وزیرسرمایہ کاری خالدبن عبدالعزیزالفالح اورایڈوائزررائل کورٹ محمد التجویری کیاسلام سمٹ کی سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی جس دوران دونوں ممالک کےدرمیان حالیہ اقتصادی تعاون کے حوالے سے پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کےدہائیوں پرمحیط برادرانہ تعلقات ہر گزرتے دن مزید مضبوط ہورہے ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزاورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئےنیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فیوچرانوسٹمینٹ انیشی ایٹوفورم کی سائیڈ لائینز پرسعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی مفید رہی ۔
وزیراعظم کا کہناتھا کہ آپ کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک میں سرمایہ کاری اورمعاشی تعلقات کومضبوط بنانےمیں ایک اہم سنگ میل تھا، سعودی وزیرسرمایہ کاری کے دورے میں 2.8 ارب ڈالرکی مفاہمتی یادداشتوں پردستخط ہوئے،8 پرکام کا آغاز ہوچکا ہے۔
شہبازشریف نے عرب اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد پرسعودی قیادت کوخراج تحسین کیا اور سعودی عرب میں پرتپاک میزبانی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہناتھا کہ پاکستان سےہنر مند افراد کے لئے سعودی عرب میں روزگار کےحوالے سے جلد ایک بڑی پیشرفت متوقع ہے، دونوں ممالک میں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں وسیع ترتعاون عملی شکل اختیارکررہا ہے،پاک سعودی بزنس فورم میں کاروباری اداروں کے درمیان بات چیت نے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا کرتے ہوئے ویژن کے حوالے سے سعودی قیادت کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کر رہے ہیں۔
ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرعطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔