جھیل سی گہری یہ آنکھیں ایک سمندری مخلوق کی جنہیں جلد ہی نظر لگ گئی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف فوٹوگرافر ریچل مور نے انتہائی قریب سے مادہ ہمپ بیک وہیل کی آنکھ کی ایک عالیشان تصویر کھینچی ہے جس میں اس شاندار مخلوق کی متحرک نیلی نگاہوں کو دلکش تفصیل کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔
سمندروں کی خاک چھاننے والی اس باصلاحیت امریکی فوٹوگرافر نے یہ تصویر 6 اکتوبر 2024 کو بحرالکاہل میں تاہیٹی کے قریب لی۔ وہیل کے سر کے کنارے سے لیا گیا شاٹ اس کی آنکھ کے ذریعے نظر آنے والے وسیع میدان کو نمایاں کرتا ہے۔
قدرت نے وہیل کی آنکھ کو ایک موٹی تہہ سے محفوظ بنایا ہے جو سمندری میملز (دودھ پلانے والے جانور) میں پائی جانے والی ایک منفرد موصل چربی ہے جو درجہ حرارت کو منظم کرنے اور تحفظ فراہم کرنے میں مدد کرتی ہے۔
کس کی نظر لگ گئی؟
ریچل مور نے پیار سے اس نوجوان وہیل کو ’سویٹ گرل‘ کا نام دیا ہے۔ وہیل کی عمر کا تخمینہ 3 سے 4 سال کے درمیان لگایا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے اس فوٹو سیشن کے صرف 2 دن بعد وہیل ایک تیز رفتار جہاز سے ٹکرا کر ہلاک ہو گئی۔
ریچل نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا کہ اس عظیم الجثہ مخلوق کے ساتھ تیراکی کرنا میرے لیے ایک اعزاز ہے لیکن ان کے ٹھکانوں کا احترام کرنا بہت ضروری ہے۔ وہیل کی آنکھوں سے اس طرح رابطہ ہونا میرے خواب و خیال میں بھی نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ اس نے مجھے اپنی آنکھوں میں پائی جانے والی خوبصورتی اور زندگی کو قید کرنے کی اجازت دی۔
واضح رہے کہ ایک تیز رفتار جہاز کی زوردار ٹکر کی وجہ سے وہ خوبصورت آنکھوں والی وہیل اب اس دنیا میں نہیں رہی لیکن اس کی آنکھوں کی یہ تصویر جو اب تک کروڑوں نگاہوں سے گزر چکی ہوگی تادیر زندہ رہے گی۔
ریچل نے امید ظاہر کی کہ جن علاقوں میں یہ وہیل مچھلیاں پائی جاتی ہیں وہاں جہازوں کے ہاتھوں اس مخلوق کا آئندہ یہ حال نہیں ہوگا۔
فوٹوگرافر کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ یہ دل دہلادینے والا واقعہ ہے، ہم نے اس کے ساتھ کیا کیا وہ تو اپنے گھر کے گرد گھوم رہی تھی جو کہ اس کے لیے ایک محفوظ مقام ہونا چاہیے تھا۔