حکومت پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے تیار، عمران خان اپنی پارٹی کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں، رانا ثنااللہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی پارٹی کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں، حکومت ان کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سر پر کفن باندھ کر احتجاج کی جو بات کررہی ہے، ایساکرنے کی صورت میں ان کے ساتھ بڑی سختی ہوگی اور انتظامی معاملات کا سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ سر پر کفن باندھنے کے بجائے پُرامن جدوجہد کرے، ساری سیاسی جماعتیں تحریک انصاف کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی سے بات ہم سے اجازت لے کر نہیں کرنی، لیکن آئین میں ایسے مذاکرات کے بارے میں کہاں لکھا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پارلیمانی جمہوریت میں مذاکرات سے ابتدا ہوتی ہے لیکن پی ٹی آئی بات کرنے کو تیار ہی نہیں، میں قطعاً یہ نہیں چاہتا کہ کسی سیاسی کارکن کو ایسی سختیوں کا سامنا کرنا پڑے جو ہمارے ساتھ ہوتی رہیں۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ کا کیس قطعاً سیاسی کیس نہیں، ایک پراپرٹی ٹائیکون سے جو زمین لی گئی اس کے ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ٹرمپ نے اگر حکومت پاکستان کو کال کر بھی دی تو کچھ نہیں ہوجائے گا، اس سے قبل بھی واشنگٹن کی جانب سے دباؤ ڈالا جاتا رہا ہے، لیکن ملک اپنے مفادات میں فیصلے کرتے ہیں۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ ملک کی سول اور ملٹری قیادت جو بھی فیصلہ کرے گی ملکی مفاد میں ہوگا۔