پاکستان میں اسموگ کی صورتحال بدتر ہوگئی، خلا سے بھی نظر آنے لگی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں اسموگ اتنی زیادہ ہو گئی ہے کہ خلا سے بھی نظر آنے لگی ہے، شدید دھند اور اسموگ کی وجہ سے فلائٹ آپریشن متاثر جبکہ موٹرویز کو بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
پاکستان کے مشرقی اور بھارت کے شمالی علاقوں میں پچھلے مہینے سے پھیلی ہوئی انتہائی گہری اور خطرناک اسموگ سیٹلائٹ تصاویر میں بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیٹلائٹ تصاویر میں رواں ہفتے لاہور اور ملتان کے اوپر اتنی گہری اسموگ تھی کہ سڑکیں اور عمارتیں اُس کی لپیٹ میں آگئیں اور تصاویر میں صرف سفید دھند دیکھی گئی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ میں ناسا کی جانب سے 31 اگست 2024 اور 10 نومبر 2024 میں سیٹلائٹ کے ذریعے لاہور اور دہلی کے محل وقوع کو ٹیگ لگا کر ایک ہی علاقے کی دو تصاویر کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
ناسا کی جانب سے شیئر کئی گئی پہلی سیٹلائٹ تصویر میں دہلی اور لاہور کے علاقوں میں سطح زمین پر ہریالی واضح نظر آ رہی ہے جبکہ دوسری تصویر میں صرف دھند ہی نظر آتی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں 5 سال سے کم عمر کے 1 کروڑ ایک لاکھ بچوں کی صحت کو حد درجے خطرات لاحق ہیں۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع پیر کو بھی اسموگ کی لپیٹ میں رہے، رات کے وقت بھِی لاہور دنیا اور ملک کے آلودہ ترین شہروں میں سر فہرست رہا۔
رات گئے دھند سے لاہور کا فلائٹ آپریشن متاثرہونے سے فیصل آباد اور ملتان کی 4 پروازیں منسوخ کردی گئیں، 2 پروازیں اسلام آباد میں اور لاہور، ملتان اور فیصل آباد کی پروازیں 8 متبادل ائیرپورٹس پر اتاری گئیں۔
کراچی سے لاہور پہنچنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز اور دبئی سے لاہور آنے والی نجی ائیر کی پرواز کو بھی اسلام اباد میں لینڈنگ کروائی گئی۔
دھند کے سبب موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم انٹرچینج تک، ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر اور روہڑی تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا جبکہ سیالکوٹ موٹروے بھی دھند اور اسموگ کی وجہ سے بند کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں اسموگ کے باعث لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں دکانیں، شاپنگ مالز، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرانے کے فیصلے پرمکمل عملدرآمد نہ ہوسکا، رات 8 بجے کے بعد کاروبار جاری رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دکانیں سیل کردی گئیں۔
حکومت کی جانب سے ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ، آؤٹ ڈور گیمز، نمائشوں، اور تقریبات پر بھی 11 نومبر سے 17 نومبر تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔ میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔