امریکا میں پاکستانی سفیر کی کاروباری اداروں کو پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان کی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
پاکستانی سفیر نے لاس اینجلس میں پاکستان یو ایس ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس کا افتتاح کیا جس میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری قیادت میں امریکی کمپنیوں کی جانب سے 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا عہد کیا گیا۔
لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کی زیر قیادت منعقد اس ایونٹ کے مقامی شراکت داروں میں اوپن سلیکان ویلی اور سلیکان میں پاکستان امریکن ٹیک کونسل شامل تھے۔
اس موقع پر آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی وزیر مملکت شیزہ فاطمہ خواجہ نے آئی ٹی کے شعبے کو آگے بڑھانے اور 25 بلین ڈالر کے برآمدی ہدف کو حاصل کرنے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے “ڈیجیٹل تثلیث تصور” کی نقاب کشائی کی، جس میں امریکی ٹیکنالوجی، سعودی سرمایہ کاری اور آئی ٹی کے شعبے میں پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک ہم آہنگی کی شراکت کی تجویز پیش کی گئی۔