بلوچستان نے وفاق کو 85 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا،صوبوں کی معاشی کارکردگی کی رپورٹ جاری


اسلام آباد،کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وفاق نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صوبوں کی معاشی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا نے بہترین معاشی کارکردگی دکھائی وفاقی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا نے وفاق کو 103 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا ہے، گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر کے پی کا خسارہ 10 ارب روپے تھا، جب کہ آمدن 316 ارب اور اخراجات 212 ارب روپے رہے وفاقی رپورٹ کے مطابق اس کے برعکس جولائی تا ستمبر پنجاب حکومت کا خسارہ 160 ارب روپے رہا، صوبے کی آمدن 866 ارب رہی جب کہ اخراجات 1026 ارب روپے رہے، اس طرح گزشتہ مالی سال پنجاب حکومت نے پہلی سہ ماہی میں 28 ارب روپے کا خسارہ کیا تھارپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال جولائی تا ستمبر سندھ کی معاشی کارکردگی بھی بہتر رہی ہے، جولائی تا ستمبر سندھ نے 131 ارب روپے کا سرپلس بجٹ وفاق کو دیا، اس دوران سندھ کی آمدن 568 اور اخراجات 437 ارب روپے رہے، گزشتہ مالی سال پہلی سہ ماہی میں سندھ نے 19 ارب روپے کا سرپلس دیا تھا وفاقی رپورٹ کے مطابق جولائی تا ستمبر بلوچستان نے وفاق کو 85 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا، اس دوران بلوچستان کی آمدن 168 ارب روپے اور اخراجات 83 ارب روپے رہے، جب کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا ستمبر بلوچستان نے 171 ارب روپے کا سرپلس دیا تھا۔