کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کے رخصت یا استقبال کیلئے آنے والوں پر نئی شرائط عائد


نئے فیصلوں کے تحت کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کو لینے یا رخصت کیلئے آنے والوں کیلئے بھی ٹکٹ کی کاپی ساتھ رکھنا لازمی قرار دیدیا گیا
کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے شعبہ ویجیلنس نے کراچی ائیرپورٹ پر سکیورٹی سخت کرنے سے متعلق اہم فیصلے کرلیے، نئے فیصلوں کے تحت مسافروں کو رخصت کرنے یا ان کے استقبال کیلئے آنے والوں پر بھی نئی شرائط عائد کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق نئے فیصلوں کے تحت کراچی ائیرپورٹ پر مسافروں کو لینے یا رخصت کیلئے آنے والوں کیلئے بھی ٹکٹ کی کاپی ساتھ رکھنا لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔
شعبہ ویجیلنس کی جانب سے ائیر پورٹ پر داخلے کے وقت سکیورٹی اداروں کے چیک کرنے پر ٹکٹ دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک مسافر کے ساتھ 4 شہری ائیرپورٹ جا سکیں گے، ٹکٹ کی کاپی نہ ہونے پر ائیرپورٹ میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شرائط کے تحت ائیرپورٹ میں داخلے کیلئے مسافروں کو لینے آنے والے شہریوں کو شناختی کارڈ بھی لازمی رکھنا ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ اقدامات کراچی ائیرپورٹ کے قریب حالیہ دہشتگرد حملے کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔
ذرائع ائیر پورٹس اتھارٹی نے بتایا کہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے شعبہ ویجلنس نے یہ پلان ترتیب دیا ہے، نئے فیصلے پر عمل درآمد جلد شروع کیا جائے گا۔