پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 نومبر سے بڑا اضافہ متوقع


آئی ایم ایف کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے اور 7 ارب ڈالر کے پروگرام سے متعلق بات چیت کر رہاہے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سفارشات کے پیش نظر پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 نومبر سے نمایاں اضافے کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) نافذ کرنے اور پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) کو 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
اگر حکومت ان تجاویز کو تسلیم کرتی ہے، تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے صارفین پر مزید مالی بوجھ پڑے گا جو پہلے ہی مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ ممکنہ اضافہ پچھلی دوہفتوں میں مسلسل دوسری مرتبہ قیمتوں میں تبدیلی کا حصہ ہوگا، جو کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت جاری معاشی اصلاحات کا تسلسل ہے۔
پاکستان میں موجودہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں
31 اکتوبر کو ہونے والے حالیہ اضافے میں پیٹرول کی قیمت 1.35 روپے فی لیٹر بڑھ کر 248.38 روپے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 3.85 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 255.14 روپے فی لیٹر ہوگئی۔
یہ ایڈجسٹمنٹ بین الاقوامی تیل کی قیمتوں اور حکومتی مالیاتی اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تھیں۔
فی الحال پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لاگو نہیں کیا گیا ہے، اور پی ڈی ایل 60 روپے فی لیٹر مقرر ہے۔