باراتیوں سے بھری کوسٹر دریا میں گر گئی


گلگت(قدرت روزنامہ)استور سے راولپنڈی جانے والی باراتیوں کی کوسٹر خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی۔اس افسوسناک حادثے کے بعد ایک شخص کی میت نکال لی گئی ہے جبکہ دیگر 22 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب استور سے باراتیوں کو لے کر راولپنڈی جانے والی کوسٹر تھلیچی پل کے قریب توازن کھو بیٹھی اور دریا میں جاگری۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کوسٹر میں تقریباً 23 افراد سوار تھے۔حادثے کے فوراً بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا،جس میں اب تک ایک زخمی اور ایک میت نکالی جاچکی ہے،جبکہ باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوسٹر میں موجود 22 مسافر لاپتہ ہیں اور انہیں تلاش کرنے کیلئے ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو ٹیموں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ لاپتہ افراد کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار کوسٹر میں دلہن بھی موجود تھی جسے زخمی حالت میں دریا سے نکالا گیا ہے،جبکہ پنجاب کے ضلع چکوال سے تعلق رکھنے والے 3 باراتی بھی کوسٹر میں سوار تھے۔