ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم حکومتی عہدوں کے لیے نامزدگیوں کا اعلان، ایلون مسک کا کیا کردار ہوگا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے آئندہ دور صدارت میں اہم عہدوں پر تعیناتیوں کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے، جس میں ارب پتی ایلون مسک بھی شامل ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو نامزدگیوں کا اعلان کیا جس کے مطابق ایلون مسک اور ان کے معاون ویوک راماسوامی ’حکومتی کارکردگی‘ کے نئے محکمے کی قیادت کریں گے جبکہ فوکس نیوز کے میزبان اور سابق فوجی اہلکار پیٹ ہیگسیتھ وزیر دفاع ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جان ریٹکلف کو سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جان ریٹکلف ہمیشہ سے امریکی عوام کے ساتھ سچائی، ایمانداری کے لیے جنگ کررہے ہیں، وہ تمام امریکی شہریوں کے آئینی حقوق کے لیے نڈر رہنما ثابت ہوں گے اور قومی سلامتی کے اعلیٰ ترین درجات کو یقینی بناتے ہوئے امن کو یقینی بنائیں گے۔
ٹرمپ نے مائیک ہکابی کو اسرائیل میں امریکا کے سفیر کے طور پر نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ خوشی ہورہی ہے کہ آرکنساس کے سابق گورنر مائیک ہکابی کو اسرائیل میں سفیر کے طور پر نامزد کررہا ہوں، وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے انتھک محنت کریں گے۔
نومنتخب صدر ٹرمپ نے رئیل اسٹیٹ انویسٹر اسٹیون وٹکوف کو اسرائیل کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹیون وٹکوف سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دیرینہ ساتھی ہیں۔
نومنتخب صدر نے مائیک والٹز کو قومی سلامتی کا مشیر مقرر کیا ہے۔ مائیک والٹز چین کے سخت مخالف ہیں اور وہ نیٹو رکن ممالک سے دفاعی بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کرچکے ہیں اور وہ ڈونلڈ ٹرمپ سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے سابق سیکریٹری کابینہ ولیم مکگنلے کو اپنا وائٹ ہاؤس کونسل نامزد کیا ہے۔ ولیم مکگنلے ڈونلڈ ٹرمپ کی 2016 کی انتخابی مہم میں ان کے ہمراہ تھے اور انہوں نے ٹرمپ کے دور صدارت میں 2 سال تک وائٹ ہاؤس میں سیکریٹری کابینہ کے طور پر فرائض سرانجام دیے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ ممکنہ طور پر مارکو روبیو کو وزیر خارجہ نامزد کرسکتے ہیں تاہم انہوں نے اس بارے بھی تاحال حتمہ فیصلہ نہیں کیا۔ مارکو روبیو کو خارجہ امور پر دسترس رکھنے پر ریپبلکن پارٹی میں خاصی شہرت حاصل ہے۔ علاوہ ازیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے ساؤتھ ڈکوٹا کی گورنر کرسٹی نوئم کو داخلی سلامتی کی وزیر جبکہ لی زیلڈن کو ای پی اے کا سربراہ نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔