موسم سرما میں گیس کی فراہمی کے نئے اوقات کیا ہوں گے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صارفین کے لیے گیس کے مستقل دباؤ کو برقرار رکھنے کے لیے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے آئندہ موسم سرما کے لیے گیس کی فراہمی کا نیا شیڈول متعارف کرایا ہے۔
اس نظرثانی شدہ شیڈول کا مقصد گھرانوں کو اپنے کھانا پکانے اور روزمرہ کے معمولات کی بہتر منصوبہ بندی کرنے میں مدد کرنا ہے، نئے ٹائم شیڈول کے تحت ہر دن 3 مخصوص اوقات کے دوران فل پریشر گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
سردیوں میں اکثر ہیٹنگ کی ضروریات کی وجہ سے گیس کی طلب میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ بہت سے گھر بوائلر اور ہیٹر کے لیے گیس پر انحصار کرتے ہیں، دن کی روشنی میں کم گھنٹے اور گھروں کا درجہ حرارت زیادہ رکھنے کے جتن کے باعث گیس کا استعمال خاطر خواہ بڑھ جاتا ہے۔
موسم سرما میں گیس کی فراہمی کے نئے ترتیب شدہ شیڈول کے بعد نئے پلان کے تحت سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اپنے صارفین کو صبح 6 سے 9 بجے تک ناشتے کے لیے، دوپہر کے کھانے کے لیے 12 سے 2 بجے کے دوران گیس تک رسائی حاصل ہو گی۔
اسی طرح سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اپنے صارفین کو شام 6 سے رات 9 بجے کے دوران رات کے کھانے کی تیاری کے لیے قدرتی گیس کی مکمل فراہمی یقینی بنائے گا، کمپنی اعلامیہ کے مطابق یہ اوقات کار سرد مہینوں میں گھریلو ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حکومتی رہنما ہدایات کے مطابق مقرر کیے گئے تھے۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے صارفین کو یقین دلایا کہ تمام سروس والے علاقوں میں ان مقررہ مدت کے اندر گیس پورے پریشر پر فراہم کی جائے گی، کمپنی اس وقت پنجاب، خیبرپختونخوا اور پاکستان کے دیگر خطوں میں 7.22 ملین سے زائد صارفین کو گیس فراہم کرتا ہے۔