اسموگ: علی ظفر کا مریم اورنگزیب سے حکومتی پالیسی کی تفصیلات فراہم کرنے کا مطالبہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسموگ کے تدارک کے لیے حکومتی پالیسی میں شامل اہم اقدامات سے عوام کو آگاہ کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’مجھے معلوم ہے کہ حکومت پنجاب نے اسموگ کے تدارک کے لیے 10 سالہ پالیسی تشکیل دی ہے جو فی الوقت ہائیکورٹ میں زیرغور ہے اور یہ ایک اچھا اقدام ہے۔‘
علی ظفر نے مریم اورنگزیب سے اس بارے میں تصدیق کرنے اور پالیسی میں شامل اہم اقدامات کے بارے میں ایک سرسری جائزہ پیش کرنے کی درخواست کی اور سوال کیا کہ ان اقدامات پر کس حد تک عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کے لیے اس بارے میں جاننا مفید ثابت ہوگا اور اضافی تجاویز کو زیرغور لاکر منصوبے کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے بیشتر علاقے بدترین اسموگ کی لپیٹ میں ہیں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس دن بدن بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال کروڑوں شہریوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کررہی ہے۔ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کی صحت متاثر ہورہی ہے اور اسپتالوں میں رش بڑھتا جارہا ہے۔ یونیسیف کی رپورٹ نے مزید خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
یونیسیف کے مطابق پنجاب میں اسموگ سے ایک کروڑ 10 لاکھ بچوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ اسموگ سے بچوں اور حاملہ خواتین پر تباہ کن اثرات ہوں گے۔ اسموگ سے متاثرہ شہروں میں درجنوں بچوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اسموگ سے پنجاب میں قریباً 1 کروڑ 60 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی۔