بلوچستان میں دوست اور دشمن کی پہچان ناممکن ہوتی جا رہی ہے، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ صوبے میں دوست اور دشمن کی پہچان ناممکن ہوتی جا رہی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کو ایک انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ صوبے میں سیکیورٹی فورسز اس وقت گرے ایریا میں کام کر رہی ہیں یعنی دوست اور دشمن کی پہچان ناممکن ہوتی جا رہی ہے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران کالعدم شدت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کا تازہ ترین حملہ رواں ہفتے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والا خودکش حملہ تھا اس حملے کی ذمہ داری بھی بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کی۔
انھوں نے کہا کہ یہ ایک خفیہ معلومات کی بنیاد پر لڑی جانے والی جنگ ہے اور کسی کو شک نہیں کہ را اس کی فنڈنگ کر رہی ہے۔ اب اس جنگ کو انٹیلی جنس سے ہی قابو کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ بلوچستان میں فوجی آپریشن کیے جا رہے ہیں۔ ہمیں اچھی انٹیلیجنس کی ضرورت ہے ۔ ہم ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ سے کسی بھی فورم پر بات چیت کو تیار ہیں۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ حال ہی میں ولنیرایبل ایریا کا ایک قانون منظور کروایا گیا ہے جس کے بعد ہم حکومت، پولیس، لیویز اور ایف سی کو ذمہ داری دے رہے ہیں۔