پاکستان میں 2477 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ، آئی ٹی اور ای کامرس سرفہرست


57 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں جبکہ 47فیصد سنگل ممبر کمپنیاں ہیں
کراچی(قدرت روزنامہ) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں اکتوبر 2024 کے دوران مختلف شعبوں کی 2,477 نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کیں جسکے نتیجے میں ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2لاکھ 33ہزار 587 ہوگئیں جو پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر میں بڑھتے ہوئے اعتماد اور اس کی مسلسل توسیع کی عکاسی کرتی ہے۔
ایس ای سی پی کی ڈیجیٹلائزیشن کی مہم کامیابی سے جاری رہی ہے جس کے آن لائن سسٹم کے ذریعے 99فیصد نئی کمپنیوں کی رجسٹریشنز کی گئی۔ رجسٹرڈ ہونے والی نئی کمپنیوں میں 57فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں جبکہ 47فیصد سنگل ممبر کمپنیاں اور 2فیصد بشمول پبلک، غیر منافع بخش تنظیمیں، تجارتی تنظیمیں شامل ہیں۔
اکتوبر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبوں میں 556 نئی کمپنیوں کے ساتھ سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ خدمات کے شعبے کی 486 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئیں، ٹریڈنگ سیکٹر کی 388 جبکہ رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ کنسٹرکشن سیکٹر کی 270 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
دیگر شعبوں میں خوراک، صحت کی دیکھ بھال اور ادویہ سازی کی 270 نئی کمپنیاں، سیاحت بشمول ٹرانسپورٹ کی 174کمپنیاں، توانائی، بجلی اور ایندھن کے شعبے میں 221 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشنز ہوئیں۔ اسی طرح دیگر متفرق شعبوں کی 112 کمپنیوں کی رجسٹریشنز بھی کرائی گئیں۔
کارپوریٹ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری نے بھی ترقی کے حوصلہ افزا اشارے ظاہر کیے اور 48 نئی کمپنیوں نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے سرمایہ حاصل کیا۔
ان سرمایہ کاروں کا تعلق افغانستان، چین، فرانس، جرمنی، ملائیشیا، عمان اور ترکی سمیت مختلف ممالک سے ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ چین سب سے بڑے سرمایہ کار کے طور پر ابھرا، جس نے 39 نئی کمپنیوں کے قیام میں اپنا حصہ ڈالا، اس کے بعد 4 کمپنیوں کے ساتھ افغانستان کا نمبر آتا ہے۔ باقی ماندہ سرمایہ کاری مختلف ممالک سے آئی ہے، جس میں ہر ایک نے ایک نئی کمپنی کا حصہ ڈالا ہے۔