پنجاب

پنجاب اڑیال کی آبادی کا سروے مکمل، محکمہ نتائج بتانے سے گریزاں


ماہرین کو شبہ ہے کہ بے تحاشا غیرقانونی شکار کی وجہ سے پنجاب اڑیال کی آبادی کم ہوئی ہے
لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کے قومی جانور اڑیال کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے لیکن ادارہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب سروے کا ڈیٹا بتانے سے گریزاں ہے، ماہرین کو شبہ ہے کہ بے تحاشا غیرقانونی شکار کی وجہ سے پنجاب اڑیال کی آبادی کم ہوئی ہے۔
دوسری طرف، وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ذرائع کے مطابق سروے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پنجاب اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کے کوٹہ کا اعلان کیا جائے گا۔
پنجاب اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کا سیزن یکم اکتوبر سے 31 مارچ تک ہے۔ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی ہر سال پنجاب وائلڈ لائف کو اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کا کوٹہ دیتی ہے جس کے بعد پرمٹ نیلام کیے جاتے ہیں تاہم اس سال ابھی تک کوٹے کا اعلان ہوا ہے اور نہ ہی ٹرافی ہنٹنگ کا شیڈول جاری ہو سکا ہے۔
پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق ہر سال ستمبر میں پنجاب اڑیال کا سروے کیا جاتا ہے اور اس سال بھی پنجاب اڑیال کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ یہ سروے پنجاب وائلڈ لائف کے ریسرچ و سروے ڈیپارٹمنٹ، ڈبلیو ڈبلیو ایف اور دیگر ماہرین کی مدد سے مکمل کیا گیا ہے تاہم پنجاب وائلڈ لائف سروے کے اعداد و شمار بتانے سے گریزاں ہے۔
پنجاب اڑیال کی آبادی کا تخمینہ 2018 میں 3700، سال 2022 میں ان کی تعداد بڑھ کر 5757 ہوگئی جبکہ گزشتہ سال پنجاب اڑیال کی آبادی کا تخمینہ 6891 لگایا گیا تھا۔
اس سال کے سروے کی تفصیلات وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کو بھیج دی گئی۔ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام نے تصدیق کی کہ پنجاب اڑیال کے سروے کی تفصیل مل گئی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد ٹرافی ہنٹنگ کوٹے کا اعلان کیا جائے گا، متوقع طور پر پنجاب کو اس سال بھی ٹرافیوں کا کوٹہ ملنے کا امکان ہے۔
دوسری طرف، پنجاب وائلڈ لائف کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ پنجاب میں ابھی کمیونٹی بیسڈ کنزروینسیز (سی بی سیز) کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ رجسٹریشن کے بعد ہی اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔
پنجاب میں اڑیال اور تیتر کے مساکن کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 زون مقرر کیے گئے ہیں اور ہر زون میں ایک سی بی سی کو رجسٹرڈ کیا جائے گا تاہم ابھی تک پنجاب میں صرف ایک سی بی سی رجسٹرڈ کی جا سکی ہے۔
ماہرین جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ ٹرافی ہنٹنگ کا سیزن شروع ہو چکا ہے، مارخور کی ٹرافی ہنٹنگ کے لیے پاکستان آنے والے غیرملکی شکاریوں کے لیے پنجاب اڑیال کی ٹرافی میں حصہ لینے کی بھی آپشن ہوتی ہے لیکن پنجاب اڑیال کی ٹرافی ہنٹنگ کے شیڈول میں تاخیر سے یہ موقع ضائع ہو جائے گا۔ گزشتہ برس اڑیال کی ایک ٹرافی ہنٹنگ کی ریزور پرائس 21 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی اور اس سال اس میں اضافے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *