ملک سے فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہورہا ہے، مریم نواز کی پی ٹی آئی پر تنقید


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک سے فتنہ پارٹی کا خاتمہ ہورہا ہے، عوام نے پی ٹی آئی کی احتجاج کی کالز پر کان نہیں دھرے۔
لندن میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے حالات بدل رہے ہیں اور کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہے، پاکستان میں جب بھی نواز شریف کی حکومت آئی ملک نے ترقی کی، ہم پہلا نواز شریف آئی ٹی سٹی بھی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لاہور میں ایک ہزار بستر کا اسپتال بن رہا ہے، اس کے علاوہ ادویات لوگوں کو گھروں میں سپلائی ہورہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ اپنا گھر اسکیم پورے پنجاب میں شروع ہوچکی ہے، ہم اپنے گھر کے لیے 15 لاکھ روپے بلاسود قرضہ دے رہے ہیں۔ 5 سال میں 5 لاکھ گھر بنانے کا ٹارگٹ ہے۔
انہوں نے کہاکہ کسان کارڈ اسکیم شروع کردی گئی ہے، قرضوں کے ساتھ مشینری بھی دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک دہائی کے بعد پاکستانیوں کو اچھی خبریں سننے کو مل رہی ہیں، لوگوں کی خدمت میرا فرض ہے، آج پنجاب میں روٹی اور آٹا سستا ہے۔
انہوں نے کہاکہ راتوں رات تبدیلی نہیں آتی لیکن چند ماہ میں بہت بہتری آئی، عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے کہاکہ میری حکومت نہ گرائی جاتی تو پاکستان ایشین ٹائیگر بن چکا ہوتا لیکن ہم اب ایسا کرکے دکھائیں گے۔